تعارف (Introduction):
تخم بالنگو یا تخم ملنگا کے نام سے تو آپ واقف ہی ہوں گے۔ ہمارے ہاں بازاری شربت اور فالودے وغیرہ میں اس کا استعمال عام ہے لیکن اس سب سے بڑھ کر تخم ملنگا یونانی طریقہ علاج میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ جدید میڈیکل سائنس نے ثابت کیا ہے کہ تخم ملنگا خون میں پائے جانے والے کولیسٹرول اور ٹرائی گلائسرائڈ میں کمی کا باعث بنتا ہے۔ تخم ملنگا پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک افغانستان، چائنہ، انڈیا، ترکمانستان، قازقستان، کرغستان، روس، تاجکستان، ازبکستان، جنوب مشرقی ایشیا اور یورپ کے کئی ممالک میں کاشت کیا جاتا ہے۔ پنجاب میں بے شمار کاشتکار پچاس پچاس ایکڑ پر بھی تخم ملنگا کی فصل کاشت کر رہے ہیں۔ خاص طور پر جنوبی پنجاب یا وہ علاقے جہاں کاشتکاروں کو پانی کی کمی کا سامنا ہے وہاں تخم ملنگا کی فصل بڑی کامیابی سے کاشت کی جا سکتی ہے۔ اس کا پودا وجود کے اعتبار سے نازک ہوتا ہے لیکن یہ پانی کی کمی کو برداشت کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کا قد ایک سے ڈیڑھ فٹ تک ہو جاتا ہے۔ تخم ملنگا کی فصل کاشت کر کے آپ فی ایکڑ 2 سے 3 لاکھ روپے تک آمدن حاصل کر سکتے ہیں۔ آپ کو تخم ملنگا کی کاشت سے متعلق جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہ کرتے ہیں۔
وقتِ کاشت | Sowing Time (Waqt-e-Kasht):
پاکستان میں تخم ملنگا کی کاشت کا موزوں ترین وقت ستمبر، اکتوبر اور نومبر ہے۔
طریقہ کاشت | Sowing Method (Tareeqa Kasht):
تخم ملنگا کی کاشت بالکل برسیم کی طرح کی جاتی ہے۔ زمین تیار کرنے کے بعد پانی لگائیں۔ جب زمین پانی جذب کر لے تو پھر اس میں تخم ملنگا کے بیج کا چھٹہ لگا دیں۔ واضح رہے کہ چھٹہ کرتے وقت کھیت میں پانی کھڑا نہیں ہونا چاہئے بلکہ جب پانی مکمل طور پر زمین میں جذب ہو جائے تو اس وقت چھٹہ کریں۔ یاد رکھیں کہ تخم ملنگا کا بیج بہت باریک اور ہلکا ہوتا ہے اس لئے اس میں ریت، باریک مٹی یا پولٹری فارم کی باریک ویسٹ یا ساڑھے بارہ کلوگرام باریک دانے دار ہائبرڈ مکا پوٹاش شامل کر لیں تاکہ چھٹہ کرنے میں آسانی رہے۔ تخم ملنگا کو مکئی کی طرح کھیلیوں میں پانی چھوڑ کر نمی میں انتہائی کم گہرائی میں بذریعہ چوپا بھی کاشت کیا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ خشک جگہ اور زیادہ گہرائی میں لگایا گیا بیج نہیں اگے گا۔ کھیلیوں میں قطار سے قطار کا فاصلہ ڈیڑھ سے دو فٹ اور پودے سے پودے کا فاصلہ 9 انچ تک رکھیں۔
فرٹیلائزر پلان | Fertilizer Plan for Tukhm e Balangu:
زمین کی تیاری کے وقت 2 سے 3 بیگ فی ایکڑ مارک6 کھاد، 2 بیگ بی او پی بمسی، 1 بیگ سلفرکوٹڈ نائٹروفاس تیزابی اور آدھا بیگ ہائبرڈ مُکا پوٹاش اور فصل
کی مناسب بڑھوتری کیلئے آدھا بیگ یوریا زمین پر چھٹہ کرکے زمین میں مکس کریں اور پھر زمین تیار کرکے فصل کاشت کر دیں۔
شرح بیج | Seed Rate (Sharah Beej):
شرح بیج کا انحصار طریقہ کاشت پر ہے ۔ اگر آپ تخم ملنگا کی فصل بذریعہ چھٹہ کاشت کر رہے ہوں تو پھر فی ایکڑ 4 کلو گرام تک بیج درکار ہو گا اور اگر آپ یہ فصل کھیلیوں پر بذریعہ چوپا کاشت کر رہے ہیں تو 3 کلوگرام فی ایکڑ بیج کافی ہوتا ہے۔ شاندار جرمینیشن کے ساتھ ریکارڈ پیداوار دینے والا خالص اور اعلیٰ کوالٹی کا بیج تخم ملنگا کسان ورلڈ مارکیٹنگ لاہور کے پلیٹ فارم پر دستیاب ہے ۔ منگوانے کیلئے آپ کسی بھی وقت واٹس ایپ نمبر 03226780242 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
فصل کا دورانیہ | Crop Duration:
تخم ملنگا کی فصل 4 سے 5 ماہ میں پک کر تیار ہو جاتی ہے۔ اکتوبر میں کاشتہ فصل مارچ میں اور نومبر میں کاشت ہونے والی فصل اپریل میں پک کر تیار ہو جاتی ہے۔
آبپاشی | Irrigation (Aabpashi):
تخم ملنگا کی فصل کو کتنے پانی کی ضرورت ہے؟ اگر یہ کہا جائے کہ تخم ملنگا کی فصل بغیر پانی کے بھی پک کر تیار ہو جاتی ہے تو یہ بے جا نہ ہوگا۔ ویسے تو اسے جس پانی میں کاشت کیا جاتا ہے اسی پانی پر بھی پکایا جا سکتا ہے لیکن اگر ضرورت پڑے تو آپ اسے ایک پانی لگا سکتے ہیں اگر اسے دوسرا پانی لگا دیا جائے تو اس کا قد ضرورت سے زیادہ بڑھ جاتا ہے۔ زیادہ قد بڑھنے سے تخم ملنگا کی فصل گر جاتی ہے جس کے سبب اس کی پھلیوں میں بیج یا تو بالکل ہی نہیں بنتے یا پھر بہت ہی کم بنتے ہیں اس لئے اسے ضرورت سے زیادہ پانی بالکل نہیں لگانا چاہئے
جڑی بوٹیوں کا تدارک | Weed Control in Tukhm e Malanga:
جڑی بوٹیاں مارنے کیلئے جب تخم ملنگا کی فصل کا اگاؤ مکمل ہو جائے اور جڑی بوٹیاں زیادہ اگ آئیں تو آپ نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹی مار زہر ٹاپ سٹار کا سپرے کر سکتے ہیں۔ اس سپرے سے تخم ملنگا میں جڑی بوٹیوں کا بڑی حد تک خاتمہ ہو جائے گا۔ عام طور پر تخم ملنگا کی کاشت کے 24 گھنٹوں کے اندر اندر پینڈی میتھالین کا سپرے کر دیا جائے تو جڑی بوٹیاں نہیں اگیں گی ۔
کیڑے مکوڑوں کا خاتمہ | Pest Control:
عام طور پر تخم ملنگا کی فصل پر کیڑے مکوڑوں کا حملہ کم ہی ہوتا ہے لیکن پھر بھی آپ اپنی فصل پر نظر رکھیں اگر کبھی رس چوسنے والے کیڑے حملہ آور ہو جائیں تو موقعہ کی مناسبت سے محکمہ زراعت کے ماہرین کی مشاورت سے زہر سپرے کیا جا سکتا ہے۔
کین۔30 اور اینٹی فراسٹ بائیو سٹیمولینٹ لیتھل کا سپرے | Anti Frost Spray:
تخم بالنگو کی فصل چونکہ بہت نرم و نازک ہوتی ہے اس لئے کورا پڑنے سے ہفتہ دس دن پہلے 1 لٹر اینٹی فراسٹ بائیو سٹیمولینٹ لیتھل اور 1 لٹر کین۔30 لیکوئیڈ پوٹاش کو 100 لٹر پانی میں حل کر کے فصل پر سپرے کر دیں جس سے انتہائی سرد موسم میں بھی فصل کی بڑھوتری تیزی سے جاری رہے گی اور فصل کورے کی تباہی سے بھی 100 فیصد محفوظ رہے گی۔
کٹائی اور گہائی | Harvesting and Threshing (Katai aur Gahai):
جب تخم ملنگا کی فصل پک جائے تو اسے درانتی سے کاٹ لیں یا ہاتھ سے اکھاڑ لیں۔ اگر وسیع رقبہ پر فصل کاشت ہو تو تھریشر مشین یا ہارویسٹر سے کام لیا جا سکتا ہے۔ فصل کاٹنے کے بعد اسے سوکھنے کے لئے اچھی طرح دھوپ لگا لیں۔ اس کے بعد اس کی گہائی کر لیں۔ تخم ملنگا کی گہائی کے عام طور پر دو طریقے ہیں۔ پہلا طریقہ پانی والا اور دوسرا مشین والا۔ پانی والے طریقے سے اگر آپ گہائی کرنا چاہیں تو ایک بڑا سا ڈرم لے لیں اور اسے پانی سے بھر لیں۔ تخم ملنگا کے پُولے لے کر اس کی پھلیاں ڈرم کے پانی میں اچھی طرح ڈبو کر باہر نکال لیں۔ باہر نکالتے ہی اسے اچھی طرح سے جھٹک کر ایک طرف رکھ دیں۔ پانی سے گیلا ہونے کی وجہ سے تخم ملنگا کی پھلیوں کا منہ کھل جاتا ہے۔ پھلیوں کے منہ کھلنے پر اسے تلوں کی طرح الٹا کر کے جھاڑ لیا جاتا ہے۔ دوسرا طریقہ مشین کا ہے۔ گندم والی
تھریشر میں باریک جالی لگا کر بھی اس کی گہائی کی جا سکتی ہے۔ تھریشر سے گہائی کرنے کی صورت میں اسے پانی وغیرہ میں ڈبونے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
فی ایکڑ پیداوار | Yield Per Acre (Fi Acre Paidawar):
اگر اچھی طرح دیکھ بھال کی جائے تو تخم ملنگا کی پیداوار 15 سے 20 من فی ایکڑ تک لی جا سکتی ہے
احتیاطی تدابیر | Precautions during Farming:
جب تخم ملنگا کی فصل پک رہی ہوتی ہے تو پکی ہوئی فصل کو بارش سے بچانا ضروری ہے۔ اگر پکی ہوئی فصل پر بارش ہو گئی تو اس میں لگی ہوئی پھلیوں کا منہ کھل جائے گا اور ہوا چلنے کی صورت میں اس کا بیج نیچے گر کر ضائع ہو جائے گا لہٰذا ضروری ہے کہ جیسے جیسے فصل پکتی جائے ویسے ویسے اسے اکھاڑتے جائیں اور کسی بارش سے محفوظ جگہ پر سٹور کرتے جائیں۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی پر نظر رکھیں۔ ویسے مارچ اپریل میں جب یہ فصل تیار ہوتی ہے بارش کا امکان کم ہی ہوتا ہے اس لئے کوئی ایسی پریشانی کی بھی ضرورت نہیں ہے۔
تخم ملنگا کی منڈی | Market and Selling Rate:
تخم ملنگا کی فصل فروخت کرنے کیلئے آپ کو کوئی منڈی تلاش کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ بیوپاری خود ہی آپ کے پاس آکر اچھے داموں میں یہ فصل خرید کر لے جائیں گے، اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی فصل کو اچھا ریٹ لگے تو فصل کی نمی اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنا ہوگا۔
